Top Rated Posts ....

New Zealand's Terrorist Attack on Mosque: 40 Killed, 20 Injured

Posted By: Saad Aziz, March 15, 2019 | 05:06:15


New Zealand's Terrorist Attack on Mosque: 40 Killed, 20 Injured





نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں فائرنگ سے 40 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے افراد زخمی ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوپہر میں نماز جمعہ کے وقت پیش آیا۔

پولیس حکام کے مطابق 4 افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے جن میں 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہے، حملے کے بعد پولیس نے پورے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر کرفیو نافذ کردیا۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقہ اپنے گھیرے میں لے لیا اور مکینوں کو بھی گھروں سے نہ نکلنے جبکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اس کے علاوہ خطرے کے پیشِ نظر نماز کی ادائیگی کے لیے لوگوں کو مساجد نہ جانے کا بھی کہا گیا، اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بھرپور صلاحیت کے ساتھ صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔


اس بارے میں پولیس کمشنر مائیک بش نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد حالات کے پیشِ نظر شہر کے تمام اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

خبررساں اداروں کے مطابق حملہ آور نے مبینہ طور پر فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیو بھی بنائی جسے پولیس حکام کی جانب سے دل دہلا دینی والی قرار دینے کے بعد شیئر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملے میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔

عینی شاہدین
وقوعہ کے عینی شاہد نے نیوزی لینڈ ریڈیو کو واقعے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ’انہوں نے فائرنگ کی آوازیں سنیں جس کے نتیجے میں 4 افراد زمین پر گرے ہوئے تھے جبکہ ہر طرف خون پھیلا ہوا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور ایک بج کر 45 منٹ پر مسجد النور میں داخل ہوا جس کے بعد فائرنگ کی آواز سنی گئی، نمازِ جمعہ کے سبب مسجد میں بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے۔

حملے کے بعد لوگ خوفزہ ہو کر مسجد نے باہر نکلے، اس کے علاوہ ایک حملہ آور کو بھی ہتھیار پھینک کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا, فائرنگ کا دوسرا واقعہ لین ووڈ مسجد میں پیش آیا۔

ایک اور عینی شاہد کا کہنا تھا کہ وہ ڈینز ایو مسجد میں نماز ادا کررہے تھے جب فائرنگ آواز سنی اور جب وہ باہر کی طرف بھاگے تو انہوں نے دیکھا کہ ان کی اہلیہ کی لاش فٹ پاتھ پر گری ہوئی ہے۔

ایک اور عینی شاہد کے مطابق فائرنگ سے بچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد لاشیں دیکھیں ہیں۔

کرکٹ میچ منسوخ
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے کے وقت بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم بھی مسجد میں داخل ہونے والی تھی۔

حکام کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد پہنچی تھی تاہم مسجد میں فائرنگ سے محفوظ رہتے ہوئے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

جس کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ کی جانب سے ٹوئٹ کر کے بتایا گیا کہ کرائسٹ چرچ میں کل ہونے والا ٹیسٹ میچ منسوخ کردیا گیا۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ٹیم کے کئی ارکان مسجد پہنچ کر اندر داخل ہونے ہی والے تھے کہ فائرنگ کی آواز سن کر نیچے جھک گئے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹ کر کے بتایا گیا کہ بورڈ کھلاڑیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام اراکین محفوظ ہیں تاہم ابھی تک شدید صدمے کا شکار ہیں جنہیں ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن
نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں اس طرح کے انتہا پسندانہ اقدامات کی کوئی جگہ نہیں، یہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں اس طرح کے حملوں کی کوئی مثال نہیں ملتی اور ایسے لوگوں کے لیے نیوزی لینڈ میں کوئی جگہ نہیں۔

آرڈن کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ایک ایسی پیش آیا جہاں لوگ اپنی مذہبی آزادی کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں محفوظ ماحول میں ایسا کرنا چاہیے تھا لیکن آج ایسا نہیں ہوا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس حملے میں جن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، نیوزی لینڈ ان کا گھر تھا اور انہیں یہاں محفوظ رہنا چاہیے تھا لیکن جن لوگوں نے حملہ کیا، ان کی نیوزی لینڈ کے لیے نیوزی لینڈ کے معاشرے میں کوئی جگہ نہیں۔



Source



Comments...