Top Rated Posts ....

Salman Rushdie's condition is critical after the attack, he is on ventilator & is unable to speak

Posted By: Muzaffar, August 13, 2022 | 05:55:23


Salman Rushdie's condition is critical after the attack, he is on ventilator & is unable to speak



برطانوی مصنف سلمان رشدی پر نیویارک میں حملہ، ’حالت حالت تشویشناک، وینٹی لیٹر پر منتقل بول نہیں پا رہے‘: ایجنٹ

برطانوی مصنف سلمان رشدی کے ایجنٹ کا کہنا ہے کہ ان کی صحت کے متعلق خبریں اچھی نہیں ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے، وہ وینٹی لیٹر پر ہیں اور بول نہیں پا رہے ہیں۔

ان کے ایجنٹ اینڈریو وائلی نے ایک بیان میں کہا کہ ’مصنف سلمان رشدی پر سٹیج پر تقریب کے دوران حملہ کیا گیا، اور اب وہ وینٹی لیٹر پر ہیں اور بولنے سے قاصر ہیں۔ ان کی ایک آنکھ بھی ضائع ہو جانے کا امکان ہے۔‘

ان کے ایجنٹ اینڈریو وائلی نے کہا کہ ’سلمان رشدی ممکنہ طور پر ایک آنکھ سے محروم ہو جائیں گے، ان کے بازو کے اعصاب کٹے ہوئے تھے، اور ان کے جگر میں چھرا گھونپ کر نقصان پہنچایا گیا تھا۔‘

سلمان رشدی پر امریکی ریاست نیویارک میں ایک تقریب کے دوران چاقو سے حملہ کیا گیا اور ان کی گردن اور پیٹ پر وار کیے گئے۔

پولیس نے سلمان رشدی پر حملے کے بعد نیو جرسی کے علاقے فیئر ویؤ سے تعلق رکھنے والے ہادی متار نامی ایک 24 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

برطانوی مصنف سلمان رشدی پر امریکہ کی ریاست نیو یارک میں سٹیج پر حملہ کیا گیا۔ تاہم پولیس کی طرف سے ابھی تک اس حملے کے بارے میں کسی مقصد یا الزامات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے اور وہ جائے وقوع سے ملنے ایک بیگ اور الیکٹرانک آلات کی جانچ کے لیے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

سلمان رشدی کو گذشتہ کئی برسوں کے دوران دھمکیاں ملتی رہی ہیں جبکہ 1989 میں ایران کے رہبرِ اعلیٰ نے ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس میں سلمان رشدی کی موت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

ابتدائی تفصیلات کے مطابق جب ان پر حملہ ہوا اس وقت سلمان رشدی شیتوقوا انسٹیٹیوٹ میں ہونے والی ایک تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔

عینی شاہدین نے دیکھا کہ اسی اثنا میں ایک شخص سٹیج کی جانب دوڑا اور اس نے سلمان رشدی کو مکا رسید کیا یا چاقو سے حملہ کیا۔ اس واقعے کے فوراً بعد تقریب میں موجود افراد سٹیج کی طرف دوڑے۔

ان کے مطابق وہاں موجود افراد نے حملہ آور پر قابو پا لیا اور پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

نیو یارک پولیس کے مطابق اس حملے میں سلمان رشدی کی گردن اور پیٹ میں کم از کم ایک ایک بار چھرا گھونپا گیا، جس کے بعد ان کو پیلی کاپٹر کے ذریعے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس حملے کو روکنے کی کوشش کرنے والے ہینری ریس کو بھی سر پر معمولی چوٹ آئی ہے۔ ان کے ادارے نے ہی اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔

اس تقریب میں موجود ایک آرٹسٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ صبح سے تقریب کی ریہرسل معمول کے انداز میں چل رہی تھی۔ انھوں نے کہا کہ حملے کے بعد سے تقریب کے مقام کا لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔

متنازع کتاب ’مذہب: شیطانی آیات، کے مصنف

سنہ 1988 میں مصنف سلمان رشدی کی کتاب میں اسلام پر تنقید کی گئی تھی اور اِس کی وجہ سے اِن کے سر پر لاکھوں کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔

اُن کے ناول دی سیتانک ورسز ’شیطانی آیات‘ کی وجہ سے مسلم دنیا میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔

اُس وقت ایران کے مذہبی رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے فتویٰ دیا تھا، جس کے تحت سلمان رشدی کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔

اِس سے قبل کسی بھی ناول یا کتاب کی وجہ سے عالمی سفارتی بحران پیدا نہیں ہوا تھا اور نہ ہی کسی حکومت کی جانب سے کسی دوسرے ملک کے شہری کے قتل کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اب بھی پاکستان اور دیگر بہت سے ممالک میں سلمان رشدی کی کتاب پر پابندی ہے اور تقریباً دس برسوں تک اُنھیں روپوشی کی زندگی اختیار کرنے پر مجبور تھے۔


Source: BBC Urdu




Follow Us on Social Media

Join Whatsapp Channel Follow Us on Twitter Follow Us on Instagram Follow Us on Facebook


Advertisement





Popular Posts

Comments...