Top Rated Posts ....

Imran Khan's latest tweet from Adiala jail

Posted By: Atif, September 15, 2024 | 10:23:44


Imran Khan's latest tweet from Adiala jail


بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا اڈیالہ جیل سے پیغام؛

۱-
قابض مافیا اور اس کے ہینڈلرز ملکی مفاد سے قطع نظر صرف اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عدلیہ کی آزادی پر حملہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ملک میں تمام اداروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ایک سپریم کورٹ بچا ہے جوقوم کی آخری امید اور سہارا ہے۔ قوم کی اس آخری امید کو آئینی ترمیم کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ایک مرتبہ پھر من پسند شخص کو ایکسٹینشن دینے کے لیے پورے ادارے اور ملک کے نظام کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انتخابی فراڈ کی شفاف تحقیقات سے بچ نکلنے کے لیے نئی آئینی ترامیم کی ذریعے قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کی کوشش کی جا رہی۔ ۲۰ سے کم سیٹیں جیتنے والی نون لیگ عدلیہ پر بالکل اسی طرز کا حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس طرح مسلم لیگ ن کی حکومت نے 1997 میں ڈنڈوں سے سپریم کورٹ پر حملہ کر دیا تھا۔ فرق صرف یہ ہے کہ اب کی بار حملہ عدلیہ کے اختیارات سلب کرکے کیا جا رہا ہے۔

لیکن میں آج ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پوری قوم عدلیہ کے پیچھے کھڑی ہے۔ عوامی مینڈیٹ سے عاری فارم 47 کی حکومت نے اگر آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو اپنے تابع کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم جانتی ہے کہ عدلیہ کی حفاظت کیسے کرنی ہے۔ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم چپ کر کے بیٹھ جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ہم کسی صورت اس کو قبول نہیں کریں گے ۔ آئینی عدالت کا جو شوشہ انہوں نے چھوڑا ہے اس پر میں یہ واضح کر دوں کہ پاکستان تحریک انصاف ہر صورت ملک کی عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ ہم ملک بھر میں بھرپور احتجاج کی کال دیں گے۔

۲-
مجھ پر حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کی ٹویٹ کی ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے تو ساتھ میں ان کو چاہیے کہ یہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ بھی قوم کو پڑھ کر سنا دیں۔اگر حمود الرحمان کمیشن رپورٹ پر عمل کر لیا جاتا تو پاکستان میں کبھی مارشل لا نہ لگتا۔ اس وقت بھی ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لاء نافذ ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی پارلیمانی سیاست نہیں بلکہ کٹھ پتلیوں کی طرح چند اشخاص کے اشاروں پر ناچ رہی ہیں۔ ووٹ کو عزت دو کا کہہ کر بوٹ کو عزت دی جا رہی ہے۔

یہ مکمل طور پر قوم کو غلام بنانے جا رہے ہیں۔سپیکر کی مرضی کے بغیر پارلیمنٹ سے لوگوں کو کیسے اٹھایا جا سکتا ہے۔آج جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے کل ان کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ پارلیمنٹ سے آج تک کسی کو نہیں اٹھایا گیا۔ شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں سزا ہونے والی تھی باجوہ نے اس کو بچا لیا۔شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کا ثابت شدہ کیس تھا۔منی لانڈرنگ کے کیس کے علاوہ شہباز شریف ، نواز شریف اور اسحاق ڈار پر تمام کیسز پرانے تھے۔ ہمارے دور میں رانا ثنا اللہ پر اے این ایف نے کیس بنایا تھا۔ ہمیں کیا پتہ تھا کہ رانا ثنا اللہ سے منشیات پکڑی گئی ہے ۔ اے این ایف کا سربراہ میجر جنرل تھا۔میں نے اے این ایف کے سربراہ کو بلایا اور اس سے پوچھا تھا۔ اس نے آ کر کابینہ کو بریفنگ دی تھی اور رانا ثنا اللہ کے کیس سے متعلق ثبوت پیش کیے تھے ۔ انھوں نے ہی ہمیں بتایا تھا کہ رانا ثنا اللہ سے منشیات پکڑی گئی ہے ۔ ہم سے پہلے کسی میں جرات نہیں تھی کہ ان کو بلا کر کابینہ کے سامنے اپنے ہی مخالفین کے بارے میں یہ سوال پوچھا جائے کہ آپ نے ان پر منشیات کا یہ کیس کیوں بنایا۔۔صحافی مطیع اللہ جان کو جب اٹھایا گیا تھا تو اس کو میں نے چھڑوایا۔

۳-
جلسہ کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے۔ اجازت ملے یا نہ ملے، 21 ستمبر کو ہم ہر صورت لاہور میں جلسہ کریں گے۔ اسلام آباد میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں مگر اسکے باوجود لوگ نکلے۔ پنجاب کیا پولیس اسٹیٹ بن گیا ہے جو ہمیں جلسہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ ہم پارٹی کو سٹریٹ موومنٹ کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ میں اپنی قوم اور پارٹی کو کہہ رہا ہوں کہ تیاری کریں۔ جو بھی ہوگا اس کا ذمہ دار موجودہ رجیم ہو گا۔

جب آزادی کی جنگ ہوتی ہے تو قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔میں جیل میں سوا سال سے ناحق قید ہوں کیا یہ کوئی قربانی نہیں؟ میں لا اله الا الله پر یقین رکھتا ہوں۔ میں جان کی قربانی کے لیے بھی تیار ہوں لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں کروں گا۔ قوم سے بھی کہتا ہوں کہ ان کی غلامی ہرگز قبول نہیں کرنی۔





Comments...